Apne Kitchen Ko Dain Modern Look

اپنے کچن کو دیں ماڈرن لک

پیر جنوری

Apne Kitchen Ko Dain Modern Look
ہماء غفار
کچن ڈیزائننگ میں سیاہ رنگ کا انتخاب کرنا روایتی سوچ کے مالک افراد کے لئے مشکل معلوم ہوتاہے کیونکہ عام طور پر گھروں میں کچن کے لئے”ہلکے رنگ“کوہی عمدہ تصور کیا جاتاہے۔لیکن کیا آپ اپنے گھر میں عام اور روایتی سوچ کے برعکس کچھ منفرد اور مختلف ڈیزائننگ دیکھنا پسند کریں گے؟اگر جواب ہاں میں ہے ،تو سب سے پہلے کچن کے لئے صرف”ہلکے رنگ ہی بہتر ہوتے ہیں“والی سوچ سے باہر آجائیں ۔

آج اس آرٹیکل میں سیاہ رنگ کے کچن آئیڈیاز پر روشنی ڈالی جارہی ہے،مضمون میں بتائے گئے ڈیزائنز آپ کو کچن کی تعمیر یا تزئین نو کے لئے مختلف اور منفرد رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔
کلاسیکل اور ماڈرن لک
گزشتہ دو برسوں سے کچن کیبنٹس اور کاؤنٹر اسکیم کے لئے عام اور روایتی رنگوں کے بجائے شوخ رنگوں کا استعمال کیا جانے لگا ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ مختلف اور شوخ کیبنٹری سسٹم ان دنوں کافی ٹرینڈ میں ہے۔ لیکن اگر آپ ٹرینڈ کے ساتھ کلاسیکل اور منفرد ماڈرن لک کی تلاش میں ہیں تو بلیک کچن سے متعلق سوچ بچار کیجیے۔کیبنٹس سے بیک اسپلیش تک کے لئے ایسے بہت سے منفرد آیڈیاز موجود ہیں ،جن پر عمل کرتے ہوئے کچن کی تعمیر جدید انداز میں کروائی جا سکتی ہے۔
قدرتی انداز،گیلری اسٹائل
گیلری نما کچن کے ویسے تو کئی فوائد ہیں مگر پھر بھی اکثر لوگ کچن کے اس اسٹائل کو آوٹ آف فیشن قرار دیتے ہیں ۔

تاہم یہاں بھی تھوڑی سی سمجھ بوجھ آپ کے کچن کو ماڈرن اسٹائل کچن کی فہرست میں شامل کر سکتی ہے۔اگر آپ کچن میں مکمل گہرے رنگ کو اداسی اور اندھیرے سے تعبیر کرتے ہیں تو کچن میں سیاہ کے ساتھ کچھ نیچرل ٹون کا اضافہ کیجیے۔عام طور پر گیلری نما کچن میں سنک سے اوپر کھڑکی کی تعمیر ضروری سمجھی جاتی ہے،یہی کھڑکی آپ کے کچن میں نیچرل ٹون کہلاتی ہے۔

کچن کیبنٹس اور کاؤنٹر کے لئے اسٹیل یا لکڑی کا انتخاب بطور مواد کرتے ہوئے سیاہ رنگ استعمال کیا جاسکتاہے۔
2ٹون کچن اسٹائل
کچن کے لئے 2ٹون کی بات کی جائے تو ذہن میں سفید اور سیاہ کچن کا تصور گھومنے لگتاہے،تاہم یہ امتزاج سیاہ اور بھورے رنگ کا ہے۔اگر آپ کا کچن بھی لیونگ روم سے ملحقہ ہے تو کچن کیبنٹ اور کاؤنٹر ٹاپ کے لئے سیاہ رنگ کی لکڑی کا انتخاب کیا جا سکتاہے۔

چونکہ کچن لیونگ روم کے ساتھ ہے، لہٰذا دیواروں پر سفید رنگ زیادہ بہتر رہے گا۔کلاسیکل لک کے لئے آپ مائیکرو ویو کی تنصیب والی دیوار پر سیاہ بورڈ نصب کروا سکتے ہیں۔کلاسیکل تھیم میں براؤن ٹچ دینے کے لئے کچن چیئر کا انتخاب معیاری لکڑی کے اصل رنگ کے ساتھ ہی بہترین رہے گا۔
بلیک بیڈ بورڈ کچن،آئرلینڈ اسٹائل
بیڈ بورڈ(Beadboard)،وال بورڈ کی ایک ایسی قسم ہے جو لکڑی کے مختلف پینلز کو جوڑ کر بنائی جاتی ہے۔

مارکیٹ میں بیڈ بورڈ تقریباً ہررنگ میں دستیاب ہے،جسے دوران تعمیر چھت اور دیواروں کی سجاوٹ کے لئے استعمال کیا جاتاہے۔آئرلینڈ اسٹائل کے تحت کیبنٹری اسکیم اور ریفریجریٹر وال کے لئے سیاہ رنگ کے عمودی لائنوں والے بیڈ بورڈ کا انتخاب کیا جاتاہے۔عام طور پر اس اسٹائل کو جزیرہ نما کچن کے لئے منتخب کیا جاتاہے،جس میں کیبنٹ سسٹم سے لے کر ریفریجریٹر والے حصے تک کی دیوار بیڈ بورڈ سے بنوائی جا تی ہے۔

بیک اسپلیش کے لئے مرمیڈ ڈائمنڈ اسٹائل کے ٹائلز کی تنصیب کچن کی شان بڑھائے گی۔دوسری جانب درمیان میں کاؤنٹر کے لئے سیاہ یا سفید کے بجائے لکڑی کا استعمال آپ کے کچن کو عام اور روایتی انداز سے جدا کرکے اسے منفرد طرز عطا کرے گا۔
سیاہ ہیئرنگ بون ٹائلز،Uشیپ اسٹائل
برٹش انٹیریئر ڈیزائنر اپریل ٹاملن نے سیاہ رنگ کے ہیئرنگ بون ٹائلز سے یو شیپ اسٹائل کچن ڈیزائن کیا ہے۔

وہ اپنے کسٹمرز کو بلیک اسٹائل کچن کے لئے سیاہ رنگ کے ہیئرنگ بون ٹائلز پر مبنی بیک اسپلیش کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔اپریل ٹاملن کے مطابق ان خوبصورت اور اسٹائلش ماربل ٹائلز کا انتخاب کچن بیک اسپلیش کے لئے کیا جا سکتاہے،یہ کچن کی تمام شکل وصورت ہی تبدیل کر دیتے ہیں۔ دوسری جانب ڈیزائنرز کچن میں دیدہ زیب امتزاج کے لئے سیاہ کے ساتھ سفید رنگ کا اضافہ ضروری سمجھتے ہیں،جس پر عمل کرنے کے لئے کچن کاؤنٹر ٹاپ اور برتنوں کی خریداری کے دوران سفید رنگ کو منتخب کیا جا سکتاہے۔

کچن میں روشنی کے لئے ہینکنگ پینڈنٹ لائٹس کی تنصیب بھی آپ کے کچن کے لئے خوبصورت اور لا جواب ثابت ہو گی۔
سیاہ رنگ وروغن،ایل شیپ اسٹائل
اگر آپ کا بجٹ زیادہ نہیں ہے اور کچن ایل شیپ اسٹائل کا ہے تو سیاہ رنگ وروغن بھی آپ کے کچن کو اَپ دیٹ کرنے کے لئے کافی رہے گا۔آپ کچن کیبنٹس اور دیواروں پر سیاہ پینٹ کے ذریعے ایک ماڈرن کچن کا خواب پورا کر سکتے ہیں۔تاہم کلاسیکل لک کے لئے یہ بہتر ہو گا کہ آپ سیاہ رنگ کا ریفریجریٹر بھی کچن میں رکھیں۔
تاریخ اشاعت: 2020-01-13

Your Thoughts and Comments

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Apne Kitchen Ko Dain Modern Look" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.